دعوتیں ہوں یا عام روزمرہ کے کھانے!بہت کم گھرانوں میں فطری اور سادہ غذاؤں پر مشتمل مینیو پیش کئے جاتے ہیں خاتون خانہ کوشش کرتی ہیں کہ گھر کے سربراہ اور بچے سارا دن کام کاج اور پڑھائی کی مشقت جھیل کر گھر آتے ہیں تو انہیں رات کا کھانا بھرپور غذائیت کے ساتھ ساتھ بے حد رونق والا بھی دیا جائے۔یہاں رونق والے سے مراد اعلیٰ ترین مرغن غذائیں ہیں عموماً جن میں گائے کے گوشت کا اہتمام زیادہ نظر آتا ہے۔یہی سے تو گھر والی کے ذوق اور علم کا انداز ہوتا ہے کہ وہ اپنے پیارے کنبے کو ان کی جسمانی ضرورتوں،ذائقے اور طبی رجحان کے مطابق کھانے کھلاتی ہے یا نہیں۔اگر آپ ہر روز گائے کے گوشت کو قیمے،بھنے ہوئے سالن یا سبزی کے ساتھ پکانے کا اہتمام کرتی ہیں تو ہر روز سوڈیم کی بڑی مقدار کیلوریز میں اضافے کے ساتھ ساتھ کولیسٹرول میں اضافے کا سبب بھی بن رہی ہے۔یاد رکھئے کہ ایک جواں سال شخص کو یومیہ 2600 کیلوریز درکار ہوتی ہیں البتہ مختلف عمروں اور ماحول کے تحت یہ مقدار کم و بیش ہو سکتی ہے۔خواتین اور بوڑھے افراد کیلئے 1600 کیلوریز کافی ہوتی ہیں اور نوجوان بچیوں کو 2200 کیلوریز درکار ہوتی ہیں۔اگر کوشش کی جائے تو معیاری غذا سے کولیسٹرول کی سطح متوازن کی جا سکتی ہے۔ذیل میں ہم اچھے کولیسٹرول کی پیداواری صلاحیت بڑھانے میں معاون غذاؤں کا ذکر کر رہے ہیں۔
زیتون کا تیل
اس تیل کے بے شمار فوائد ہیں جسے صحت مند چکنائی کہتے ہیں۔یہ دل کیلئے مفید جزو ہے۔زیتون کا پھل ہو یا ثابت!دونوں ہی خون میں خراب کولیسٹرول ایل ڈی ایل کی مقدار کو گھٹا کر امراض قلب کے خطروں کو کم سے کم کر سکتے ہیں۔یہ فینولز اس انزائم کو روکتا ہے جو کینسر پیدا کرتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ سوزش کم کرتا ہے۔اس میں ایک اور مفید جزو بھی موجود ہے جو خون میں چکنائی کو کنٹرول کرتا ہے۔زیتون بلڈ پریشر نارمل رکھنے اور معیاری وزن حاصل کرنے کیلئے بھی نہایت مفید غذائی نسخہ ہے۔زیتون کا تیل خواہ کم فینول والا ہو پھر بھی یہ مفید اور صحت بخش ہوتا ہے۔
پھلیاں
مٹر،گوار،لوبیا اور دوسری تمام پھلیوں میں حل پذیر ریشہ یعنی فائبر موجود ہے۔یہ آنتوں کے نظام کی تقویت کرتی ہیں۔ان میں میگنیزیئم،پوٹاشیم،وٹامن بی اور زنک جیسے اجزاء شریانوں،دریدوں،آنتوں،ہڈیوں اور بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ ساتھ لاحق ہونے والے عارضوں کیلئے بے حد مفید ہیں۔اس کے علاوہ مختلف کینسرز کیلئے مدافعتی نظام تشکیل دیتی ہیں۔
جئی یا جو کا دلیہ
کسی بھی اناج کا دلیہ اینٹی آکسیڈنٹس کمپاؤنڈز پر مشتمل ہوتا ہے۔یہ تنگ شریانوں کو کھولتا اور ذیابیطس کے مریضوں میں شکر کی سطح کو توازن میں رکھتا ہے۔حل پذیر فائبر ہے۔توانائی بہم پہنچاتا اور سست رفتاری سے ہضم ہوتا ہے۔