Kheera Mufeed Ghiza Bhi - Muasar Dawa Bhi(کھیرا مفید غذا بھی،موٴثر دوا بھی)

 




کھیرے میں کیلشیم،فولاد،جست (زنک)،میگنیزیئم،پوٹاشیم،حیاتین (وٹامنز) اور فولک ایسڈ جیسے کئی مفید صحت اجزاء پائے جاتے ہیں،جو ذہنی اور جسمانی صحت پر بہت مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔کھیرا جلد اور آنکھوں کے لئے بھی اکسیر ہے۔اس کے علاوہ کھیرا کئی امراض دُور کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے،جس کی تفصیل ذیل میں درج ہے:

                                  آنکھوں کی سوجن کم کرتا ہے




ٹھنڈے کھیرے کے قدرے موٹے دو ٹکڑے کاٹ کر دس سے پندرہ منٹ کے لئے آنکھوں پر رکھنے سے اُن کی سوجن ختم ہو جاتی ہے،کیونکہ کھیرے میں موجود ایسکاربک ایسڈ (Ascorbic Acid)،یعنی حیاتین ج (وٹامن سی) سوجن ختم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔


                                  کیل مہاسوں سے نجات دلاتا ہے

آدھا کھیرا چھیل کر باریک کاٹ لیں اور دو چائے کے چمچے صاف پانی اور تین چائے کے چمچے ہیزل (ایک پھل دار جھاڑی) کے ساتھ ملا کر گرائنڈز میں باریک پیس لیں۔

پھر باریک کپڑے سے چھان کر اس محلول کو ریفریجریٹر میں رکھ دیں اور بہ وقت ضرورت کیل،مہاسوں یا دانوں پر لگا کر دن میں دو بار دس منٹ کے لئے آہستہ آہستہ مساج کریں۔


اس طرح کیل،مہاسے اور دانے ختم ہو جائیں گے۔مزید برآں اس محلول کو چہرے پر لگانے سے رنگت بھی صاف ہو جاتی ہے۔

                                     جلد کے داغ دھبے دُور کرتا ہے

کھیرے کا رس،لیموں کا رس اور ناریل کا پانی برابر مقدار میں لے کر اچھی طرح ملا لیں اور روزانہ جلد کے داغ دھبوں پر نرم و ملائم کپڑے سے لگائیں،چند دنوں کے بعد یہ داغ دھبے جاتے رہیں گے۔


                                   چہرے کی جلد کو شاداب کرتا ہے



چہرے کی جلد کی ملائمت اور شادابی کے لئے ایک انڈے کی سفیدی،عرق گلاب کے چند قطرے اور ایک کھیرے کا ٹکڑا بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کر لیں۔پھر اس گاڑھے محلول کو روئی کی مدد سے آنکھوں اور منہ کو بچا کر چہرے پر لگا لیں،پندرہ منٹ کے بعد نرم گیلے کپڑے سے صاف کرکے چہرہ دھو لیں۔

                                    جھلسی ہوئی جلد کو مندمل کرتا ہے

دھوپ سے جھلسی ہوئی جلد پر کھیرے کے ٹکڑے کاٹ کر یا کچل کر لگائیں۔

پھر 20 منٹ کے بعد دھو لیں۔چند روز میں جھلسی ہوئی جلد مندمل ہو جائے گی۔

                                    آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرتا ہے

کھیرے کا رس روزانہ آنکھوں کے سیاہ حلقوں پر لگائیں۔پھر نرم کپڑے سے صاف کر لیں،سیاہ حلقے رفتہ رفتہ ختم ہو جائیں گے۔

پالک اور مختلف پھلوں کے ساتھ کھیرے کا سلاد صحت کے لئے بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔یہ بات ذہن نشین کر لیجیے کہ سبزیوں کی کاشت کے دوران کیڑے مار ادویہ کا اسپرے بھی کیا جاتا ہے،لہٰذا استعمال سے پہلے کھیرا ہی نہیں،بلکہ ہر سبزی کو خوب اچھی طرح پانی سے دھو لیں اور کھیرے کے چھلکے کو نہ کھائیں تو بہتر ہے۔

کھیرا ملی جلی جلد کے لئے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ملی جلی جلد سے مراد ایسی جلد ہوتی ہے،جو کسی جگہ سے خشک ہوتی ہے اور کسی جگہ سے چکنی۔اس جلد کے لئے آدھے کھیرے کے ٹکڑے کر کے بلینڈ کر لیں۔پھر ایک پیالے میں نکال کر اس میں ایک چائے کا چمچہ دہی ملا کر پھینٹ لیں۔اب اس آمیزے کو چہرے اور گردن پر لگا لیں۔پھر 20 منٹ کے بعد چہرے اور گردن کو خوب اچھی طرح نیم گرم پانی سے دھو لیں،بعد ازاں ٹھنڈے پانی کے چھینٹے ماریں،جلد نرم و ملائم اور جاذب نظر ہو جائے گی۔کھیرا بہت مفید سبزی ہے،اسے اپنی روزانہ کی غذاؤں میں شامل کر لیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post