قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں امریکی تعاون اہمیت کا حامل ہے، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے سول آرمڈ فورسز کو جدید آلات کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے؛ قائم مقام امریکی سفیر سے ملاقات میں گفتگو December 10/12/2024اسلام آباد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکی افراد کو اسلام آباد میں رہنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور امریکہ تعلقات و دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی گفتگو کی گئی، نیٹلی بیکر نے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس دوران انہوں نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ قانونی دستاویزات کے حامل کسی بھی غیر ملکی کو اسلام آباد سے نہیں نکالا جا رہا، البتہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو اسلام آباد میں رہنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید ترین ادارہ بنانا چاہتے ہیں، ایف آئی اے اصلاحات سے متعلق معاونت پر امریکہ کا خیر مقدم کریں گے۔